ماسکو (این این آئی )روسی صدرولادی میرپوتین نے فرانس اور جرمنی کے رہ نمائوں سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے اور انھیں بتایا ہے کہ روس یوکرین کے لیے بحیر اسود کی بندرگاہوں سے اناج کی ترسیل دوبارہ شروع کرنے کے طریقوں پرتبادلہ خیال پرآمادہ ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق روسی صدارتی محل کریملن نے ایک بیان میں کہاکہ روس اپنے طورپر بحیر اسود کی بندرگاہوں سے یوکرینی اناج کی برآمد سمیت اناج کی بلا روک ٹوک ترسیل کے امکانات کی تلاش میں مدد دینے کوتیار ہے۔بیان کے مطابق صدرپوتین نے فرانسیسی صدرعمانوایل ماکرون اور جرمن چانسلراولف شلز کو آگاہ کیا کہ اگر روس کے خلاف پابندیاں ختم کر دی جاتی ہیں تووہ کھادوں اور زرعی اجناس کی برآمد میں اضافہ کرنے کو تیار ہے،کریملن کے مطابق صدر پوتین نے یہ بھی کہا کہ روس یوکرین کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر آمادہ ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ٹیلی فون پر بات چیت میں کیف کی وجہ سے منجمد شدہ مذاکرات پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی تھی اورصدرولادی میرپوتین نے بات چیت دوبارہ شروع کرنے کے لیے روس کے کھلے پن کی تصدیق کی ہے۔