کولمبو(این این آئی)سری لنکا کے وزیر اعظم کو مستعفی ہونے کے لیے بڑھتے ہوئے دبا ئوکا سامنا ہے کیونکہ کابینہ کے ایک وزیر اور پارٹی کے دیگر سینئر اراکین نے بڑھتے ہوئے معاشی بحران پر استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر ہونے والے احتجاج کی حمایت کردی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزیر اطلاعات نالاکا گوداہیوا نے صدر گوٹابایا راجا پکسے کے دفتر کے باہر ان ہزاروں لوگوں کی حمایت کا اعلان کیا جو ان سے اور ان کے طاقتور خاندان کے دیگر افراد سے اقتدار چھوڑنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔گوداہیوا نے اپنے فیس بک پیج پر ایک بیان میں کہا کہ ہمیں معاشی بحران کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کے لیے سیاسی استحکام کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سمیت پوری کابینہ کو مستعفی ہو جانا چاہیے اور ایک عبوری کابینہ ہونی چاہیے جو سب کا اعتماد جیت سکے۔42 سالہ چمندا لکشن کی آخری رسومات سے قبل پولیس اور فوج نے مرکزی قصبے رامبوکانہ میں سیکیورٹی بڑھا دی جسے اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا جب پولیس نے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج روکنے کے لیے ہجوم پر براہ راست گولیاں چلادیں۔