واشنگٹن(این این آئی)یوکرین کے محاذ پر کشیدگی جاری، امریکی فوجی نیٹو کی تقویت کیلئے پولینڈ پہنچ گئے،میڈیارپورٹس کے مطابق پولش آرمی نے تصدیق کر دی کہ امریکی فوجیوں کا پہلا دستہ وارسا پہنچ گیا ہے۔ یہ امریکی فوجی مشرقی یورپ میں پہلے سے ہی تعینات مغربی عسکری دفاعی اتحاد نیٹو کے فوجیوں میں شامل ہو جائے گا۔ مزید سترہ سو امریکی فوجی جلد ہی پولینڈ پہنچ رہے ہیں۔
جاسیاونکا نامی شہر کے نواح میں ان فوجیوں کی رہائش کا انتظام کیا گیا ، جہاں عارضی شیلٹر ہائوسز بنائے گئے ۔ ساتھ ہی اس علاقے کو رکاوٹیں لگا کر عام شہریوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ۔پولینڈ میں پہلے سے تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد تقریبا ساڑھے چار ہزار بنتی ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن کے مطابق مشرقی یورپ میں نیٹو اتحادی ممالک کی عسکری مدد کے لیے مزید تین ہزار فوجی روانہ کیے جائیں گے۔