اسلام آباد( آن لائن )سعودی عرب نے افغانستان کیلئے ایک ارب ڈالر امداد کااعلان کر دیا ۔ سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے او آئی سی کے اجلاس میں افغانستان کے لئے ایک ارب ڈالر دینے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ اجلاس کے انعقاد اور بہترین انتظامات پر
پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جس نے کم ترین وقت میں اس اجلاس کا انعقاد کیا، اہم ترین اجلاس کے انعقاد پر پاکستان کے مشکور ہیں، اجلاس میں شرکت پر او آئی سی سیکریٹری جنرل اور دیگر کے شکر گزار ہیں۔افغانستان کے لئے ایک ارب ڈالر امداد کا اعلان کرتے ہوئے سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ افغانستان کے معاملے کو انسانی بنیادوں پر دیکھنا ہوگا، افغانستان میں خواتین، بچوں سمیت تمام عوام مشکلات کا شکار ہیں، افغانستان میں معاشی بحران مزید سنگین ہوسکتاہے، وہاں کے عوام ہماری مدد کے منتظر ہیں۔سعودی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں، افغانستان میں کشیدہ صورتحال کے خطے اور دنیا پراثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔