نیویارک(این این آئی)عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون وائرس کی قسم ڈیلٹا کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے منتقل ہوتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں عالمی ادارے نے کہاکہ اومیکرون 9 دسمبر تک 63 ممالک میں پھیل چکا ہے،
جنوبی افریقہ میں یہ بہت تیزی سے ایک سے دوسرے فرد میں منتقل ہوا ہے جہاں ڈیلٹا زیادہ نہیں پھیلا تھا جبکہ یہ وائرس برطانیہ میں بھی پھیل رہا ہے جہاں ڈیلٹا وائرس نے بھی تباہی مچائی تھی۔عالمی ادارہ صحت نے مزید کہا کہ ابتدائی شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ اومیکرون ویکسین کی افادیت میں کمی اور وائرس کی منتقلی کا سبب بنتا ہے۔اس حوالے سے بیان میں مزید کہا کہ موجودہ دستیاب ڈیٹا کو دیکھتے ہوئے، امکان ہے کہ اومیکرون ان علاقوں اور مقامات پر ڈیلٹا ویرینٹ سے آگے نکل جائے گا جہاں ہجوم میں وائرس منتقل ہوتا ہے۔اومیکرون اب تک معمولی بیماری یا غیر علامتی کیسز کا سبب بنے ہیں لیکن عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا کہ ابھی تک اتنے اعداد و شمار دستیاب نہیں جس سے یہ طے کیا جا سکے کہ یہ وائرس کتنی شدت کا حامل ہے۔