تل ابیب (این این آئی)اسرائیل میں جبل میرون (جبل الجرمق)کے مقام ایک پل پر بھگدڑ مچنے سے ہونے والی 44 ہلاکتوں کے بعد عوامی حلقوں کی طرف سے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق نیتن یاھو گذشتہ روز ہونے والے حادثے کے فوری بعد جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں شدید غم وغصے سے میں بپھرے ہوئے اسرائیلیوں نے گالیوں سے ان کا استقبال کیا۔نیتن یاھو جب اپنے سٹاف کے ہمراہ جائے حادثہ
پر پہنچے تو وہاں شدید برہم اور مشتعل افراد نے نیتن یاھو پر شدید لعن طعن کی اور انہیں گالیاں تک دی گئیں۔ بعض افراد نے ان پر پانی کی بوتلیں بھی پھینکیں۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاھو نے ٹویٹر پر ایک پیغام میں بھگدڑ کے واقعے کو المناک حادثہ قرار دیا اور اس کی جامع تحقیقات کا اعلان کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایسے اقدامات کرے گی تاکہ آئندہ اس طرح کے حادثات رونما نہ ہوں۔ وزیراعظم کے بقول یہ حادثہ ایک بڑی آفت سے کم نہ تھا۔