نیویارک (این این آئی )فیس بک پر شاید آپ سے دوبارہ ملاقات نا ہو کی پوسٹ ڈالنے کے چند ہی گھنٹوں پر ایک خاتون ڈاکٹر کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئیں۔بھارت میں کورونا کیسز کی صورت حال انتہائی خراب ہو چکی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں نئے کیسز اور ہزاروں اموات سامنے آ رہی ہیں۔بھارتی ٹی وی کے مطابق 51 سالہ ڈاکٹر منیشا جادھو نے
فیس بک پر ایک پوسٹ ڈالی جس میں انہوں نے لکھا کہ شاید یہ آخری اچھی صبح ہو، شاید میں اس پلیٹ فارم پر آپ سے دوبارہ نا مل سکوں، تمام لوگ اپنا خیال رکھیں۔ڈاکٹر منیشا نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ جسم مرتا ہے روح نہیں، روح لافانی ہے۔فیس بک پر متعلقہ پوسٹ شیئر کرنے کے 36 گھنٹوں بعد ہی ڈاکٹر منیشا کورونا کے باعث جان کی بازی ہار گئیں۔خیال رہے کہ بھارت میں کورونا کی ابتر صورتحال کے باعث ڈاکٹر اور طبی عملے کے دیگر افراد سوشل میڈیا پر تواتر کے ساتھ پوسٹس شیئر کرتے ہوئے کورونا کے باعث ملک میں خراب ہوتی صورتحال پر تشویش اور ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔بھارت میں عالمی وبا کورونا کے باعث اب تک ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں اور ایک لاکھ 86 ہزار سے زائد اموات بھی ہو چکی ہیں۔