نئی دہلی(آن لائن) عالمی پروگرام کے تحت غریب ممالک کو مفت فراہم کی جانے والی کورونا ویکسین کی لاکھوں خوراکیں مودی سرکار کی نااہلی اور غفلت کے باعث اب تک بھارت سے باہر منتقل نہیں کی جا سکی ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کی سیرم انسٹی ٹیوٹ کے لائسنس کے تحت ایسٹرا زینیکا کی تیار کردہ 2 کروڑ 80 لاکھ کی ویکسین میں سے ایک تہائی سے زائد غریب ممالک میں تقسیم کی جانی تھیں لیکن تاحال یہ ویکسنز بھارت سے مستحق ممالک نہیں بھیجی جا سکی ہیں۔ اس حوالے سے یونیسیف نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کو ویکسین کی
تقسیم کے اقوام متحدہ کے عالمی پروگرام ’’کوویکس‘‘ کی ایک کروڑ خوراکیں موصول ہوئیں جو کسی بھی ملک کو ملنے والی سب سے بڑی تعداد ہے۔بھارت کو کوویکس پروگرام کے تحت جو ویکسین غریب ممالک کو فراہم کرنی تھی وہ ویکسین کی برامدات میں تاخیر سے فیصلہ کرنے کے سبب اب تک ملک کے سرد خانے میں پڑی ہیں جب کہ غریب ممالک شدت سے ویکسین کا انتظار کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ بھارت کے بائیوسائنس کے ادارے نے ایسٹرازینیکا کی ویکسین تیار کی تھیں جن میں سے ایک تہائی کوویکس پروگرام کے تحت غریب ممالک کو بھیجنی تھیں۔