لندن،واشنگٹن (این این آئی )برطانوی کورونا ویکسین ایسٹرا زینیکا کے استعمال کے نتیجے میں خون کی پھٹکیاں بننے کے واقعات کے بعد ڈنمارک، ناروے، آئس لینڈ اور اٹلی نے ویکسین کا استعمال عارضی طور پر روک دیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق خون کی پھٹکیاں بننے کے واقعات 30 لاکھ افراد میں سے 20 میں سامنے آئے۔یورپی یونین کا کہنا تھا کہ ویکسین اور خون کی پھٹکیاں بننے کے درمیان کسی تعلق کی علامات نہیں ملیں۔دوسری جانب امریکی کمپنی فائزر اور جرمن کمپنی بائیون ٹیک کی مشترکہ تیار کردہ کورونا ویکسین اس سے قبل لگائے گئے اندازوں سے زیادہ تحفظ فراہم کر رہی ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے کہا گیا کہ فائز،بائیون ٹیک کی ویکسین علامات والے کورونا مریضوں میں 97 فیصد تک موثر ثابت ہوئی ہے۔فائز،بائیون ٹیک کا کہنا تھا کہ یہ نتائج اسرائیل کی ملک گیر ویکسین مہم کے دوران جمع کی گئی معلومات سے اخذ کیے گئے ۔کمپنیوں کے مطابق اکٹھی کی گئی معلومات کے مطابق ویکسین بغیرعلامات والے مریضوں میں 94 فیصد تک موثرثابت ہوئی۔یاد رہے کہ اس سے قبل کے نتائج میں یہ ویکسین علامات والے مریضوں میں 94 اور بغیر علامات والے مریضوں میں 92 فیصد تک موثر نتائج دے رہی تھی۔