عمان (این این آئی )اردنی حکام نے اسرائیلی حکومت کی جانب سے 230 صہیونی آبادکاروں کو مسجد اقصی میں داخلے کی اجازت دینے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اردن کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان ضعیف اللہ الفائض کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی پولیس نے اردن کے محکمہ وقف کے افسران سے رابطہ کیے بغیر ہزاروں آبادکاروں کو مسجد اقصی میں داخل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔اردنی ترجمان
نے اسرائیل کے اقدام کو سراسر خلاف ورزی اور اسرائیل کی جانب سے کیے گئے وعدوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔الفائض نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ وقف یروشلم وہ واحد قانونی ادارہ ہے جو مسجد اقصی کا انتظام سنبھالتا ہے، جس میں اس کا فیصلہ کرنا بھی شامل ہے کہ اندر کون داخل ہو سکتا ہے اور کون نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کو یروشلم کے محکمہ وقف کے افسران کا احترام کرنا چاہئیں۔