اسلام آباد (این این آئی) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ دو دنوں سے ’’افغانستان سے نکل جائو‘‘ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔ یہ مہم اس وقت زور پکڑ گئی جب واشنگٹن پوسٹ نے لکھا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے وزارت دفاع کے دورے کے موقع پر کہا کہ ان کی حکومت شاید مئی تک افغانستان سے تمام فوجیں نہ نکالے جس کا فروری میں طالبان سے امریکہ کے ہونیوالے معاہدے میں فیصلہ کیا گیا تھا۔ افغانستان سے نکل جاو مہم پشتو،دری
اور انگریزی زبان میں چلائی جارہی ہے ۔جمعرات کو پشتو اور دری میں یہ نعرہ ٹاپ ٹرینڈ چلتا رہا اور جمعہ کو انگریزی میں یہ ٹاپ ٹرینڈ رہا۔ اس مہم میں عام افغان شہریوں کے علاوہ زیادہ تر طالبان کے حامی سوشل میڈیا استعمال کرنیوالے حصہ لے رہے ہیں ۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ امریکا سے سوشل میڈیا پر منظم مہم کے ذریعے نکلنے کا مطالبہ کیا جا رہا۔ دو دن تک اس مہم کے مقابلے میں کوئی مہم سامنے نہیں آئی۔