واشنگٹن (این این آئی)امریکی محکمہ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ امریکہ کی کشمیر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اوروہ بدستور جموں وکشمیر کو ایک متنازعہ علاقہ سمجھتا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ وضاحت امریکی محکمہ خارجہ نے صدر جوبائیڈن اور انکی حکومت کے اعلیٰ حکام کی طرف سے جنوبی اور وسط ایشیائی خطوں کے بارے
میں امریکی پالیسی سے متعلق متعدد بیانات کے بعد ایک نیوز بریفنگ میں دی۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کو جب بریفنگ کے دوران یاد دلایا گیا کہ محکمہ خارجہ کی طرف سے بدھ کے روز ایک ٹویٹ میں خطے کی متنازعہ حیثیت کا ذکر نہیں کیا گیا تھا تو انہوںنے کہاکہ وہ یہ وضاحت کرنا چاہتے ہیں کہ خطے سے متعلق امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔