دمشق (این این آئی ) شام میں جہاں جنگ وجدل کی تباہ کاریوں اور ہلاکت خیزیوں نے عوام کی زندگی عذاب بنا رکھی ہے وہیں ایک مچھلی بھی عوام کیلیے جان لیوا ثابت ہورہی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اللاذقیہ گورنری میں ایک زہریلی مچھلی کھانے سے متعدد افراد ہلاک اور کئی بیمار ہوگئے ۔ مقامی سطح پر اس زہریلی مچھلی کو کئی ناموں سے جانا جاتا ہے اور یہ مقامی آبادی کی خوراک کا حصہ بھی ہے مگر یہ پہلا موقع ہے جس میں اس مچھلی کے کھانے سے اموات ہوئی ہیں۔شام اوردوسرے
عرب ممالک میں اس زہریلی مچھلی کو کئی ناموں سے جانا جاتا ہے۔ البالون یعنی غبارہ مچھلی کہا جاتا ہے۔ اس کی وجہ تسمیہ یہ کہ یہ مچھلی غبارے کی طرح کی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ الفوغو ،ارنب یعنی خرگوش مچھلی اور المنفاخ جیسے نام بھی اس مچھلی کو دیئے جاتے ہیں۔اللاذقیہ میں بالون مچھلی کھانے سے لوگوں کے بیمار ہونے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ گذشتہ جون میں ایک چار رکنی کنبے کے تمام افراد کو بالون مچھلی کھانے کے بعد حالت خراب ہونے پر اسپتال لایا گیا۔