واشنگٹن(آن لائن) امریکا میں ایک اور سیاہ فام شہری ہلاک، احتجاج کی نئی لہر شروع ہو گئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سیاہ فام شہری کی ہلاکت کا افسوسناک واقعہ گزشتہ پیر کو ریاست اوہائیو میں پیش آیا تھا۔ ایک پولیس افسر نے شہری کو بیدردی سے گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔اس واقعے کے بعد امریکا بھر میں احتجاج کا نیا سلسلہ پھیلتا ہوا دیکھا جا رہا ہے۔ غم وغصے
میں بھرے لوگ سڑکوں پر نکل کر اس کیخلاف بھرپور احتجاج کر رہے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے شہری کا نام آندرے موریس تھا۔ 47 سالہ یہ مقتول شہری اپنے گھر کے گیراج میں موجود تھا جہاں پولیس افسر نے آکر اس پر بے دریغ گولیاں چلانا شروع کر دیں اور موقع پر مار دیا۔سیاہ فام شہری کو قتل کرنے والے پولیس افسر کا نام ایڈم کوئے بتایا جا رہا ہے۔ یہ تمام واقعہ اس کی وردی پر لگے کیمرے کی مدد سے ریکارڈ ہو گیا تھا۔ خبریں ہیں کہ مذکورہ پولیس افسر کو نوکری سے برطرف کرکے اس کیخلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ واضع رہے کہ گزشتہ دنوں بھی امریکی ریاست اوہائیو کے شہر کولمبس میں ایک دوسرے سیاہ فام شہری کو بھی گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔ پے در پے پیش آنے والے ان واقعات کیخلاف امریکا بھر میں شدید غم وغصہ پایا جا رہا ہے اور لوگ اس رویے کیخلاف احتجاج کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔اس سے قبل رواں سال مئی میں جارج فلوئڈ نامی ساہ فام مریکی شہری کو بھی مار دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ملک گیر ایسی تحریک شروع ہوئی جس نے امریکا کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ اس ملک گیر مہم میں ہر امریکی شہری نے سیاہ فام لوگوں سے اظہار یکجہتی کیلئے حصہ لیا۔ اس مہم کو بلیک لائیو میٹرز کا نام دیا گیا تھا۔ امریکا میں ایک اور سیاہ فام شہری ہلاک، احتجاج کی نئی لہر شروع ہو گئی۔