اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)یو اے ای کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ آج رات کو تارکین وطن کو دی گئی مہلت ختم ہو رہی ہے۔ جو افراد اپنا ویزہ سٹیٹس تبدیل نہیں کروائیں گے یا امارات سے واپس نہیں جائیں گے، ان پر کل سے بھاری جرمانے عائد ہوں گے۔ مہلت ختم ہونے پر ہزاروں افراد پریشان تھے،
تاہم امارات کی حکومت نے ایک بار پھر پریشان حال غیر قانونی تارکین کوخوش خبری دے دی ہے کہ انہیں 31 دسمبر 2020 تک کی مہلت دے دی گئی ہے۔اس طرح وہ مزید ڈیڑھ ماہ تک جرمانوں سے بچے رہیں گے۔ فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ (ICA) کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ویزہ قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث تمام افراد کے لیے ڈیڈ لائن میں توسیع کر دی گئی ہے۔اب وہ 31 دسمبر 2020 تک اپنے ویزوں کی تجدید کروا سکیں گے یا امارت سے واپس جا کر جرمانوں سے بچ سکیں گے۔ یہ رعایت ان افراد کو دی گئی ہے جن کے ویزے یکم مارچ سے پہلے ایکسپائر ہو گئے تھے۔یہ مہلت رہائشی، وزٹ اور ٹورسٹ ویزہ پر آنے والے تمام افراد کو حاصل ہو گی۔