واشنگٹن (آن لائن ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بالواسطہ طور پر ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کی فتح کا اعتراف کرلیا ہے۔ایک ٹوئٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا تھاکہ جوبائیڈن الیکشن میں دھاندلی کی وجہ سے جیتے ہیں، انتخابی مبصرین کو ووٹنگ کاعمل دیکھنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کی گنتی بائیں بازو کے نظریات رکھنے والی کی ایک نجی کمپنی کے ذریعیکرائی گئی جو کہ ناقص آلات رکھنے کے حوالے سے خراب شہرت رکھتی ہے۔ امریکی صدر نے میڈیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہیکہ بائیڈن نے صرف جعلی میڈیا کی نظر میں کامیابی حاصل کی ہے، میں کچھ نہیں تسلیم کرتا، یہ دھاندلی زدہ انتخاب تھا۔ انہوں نے اپنے حامیوں کو امید دلاتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے، ہم ہی کامیاب ہوں گے کیونکہ یہ دھاندلی زدہ الیکشن تھا۔اس سے قبل امریکی صدرنے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں کاسٹ کیے گئے 20 لاکھ سے زائد ووٹ ضائع کردئیے گئے جب کہ ان کی جانب اس کے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔امریکاکے وفاقی الیکشن حکام نے دھاندلی کا الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2020ء کے صدارتی انتخاب امریکی تاریخ کے سب سے محفوظ ترین الیکشن ہیں۔