برسلز (این این آئی )بیلجیئم نے ڈنمارک کے پانچ انتہائی دائیں بازو کے خیالات رکھنے والے کارکنوں کو دارالحکومت برسلز کے مسلمان اکثریتی علاقے میں قرآن کا نسخہ جلانے کا منصوبہ بنانے پر ملک بدر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ایک
سال تک ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بیلجیئم کے وزیر برائے پناہ گزین سمیع مہدی نے انھیں امنِ عامہ کے لیے سنگین خطرہ قرار دیااورکہاکہ پانچ افراد سیاست دان راسمس پیلوڈن سے منسلک تھے۔بیلجیئم پولیس کو شک تھا کہ یہ پانچ افراد برسلز کے ضلع مولینبیک سینٹ ژان میں قرآن کا نسخہ جلانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔انھیں ایک ذریعے سے یہ بات معلوم ہوئی کہ ان افراد سے پولیس نے پوچھ گچھ کی جس کے بعد یہ کیس سرکاری وکیل کے دفتر بھیج دیا گیا۔سمیع مہدی، جو خود بھی ایک عراقی پناہ گزین کے بیٹے ہیں، نے ان افراد کی گرفتاری اور ملک بدری کا خیرمقدم کیا۔ ان کے دفتر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ‘انھیں ملک سے جلد از جلد نکلنے کا کہا گیا جو انھوں نے کیا۔ انھیں ملک سے نکلنے کے لیے اس لیے کہا گیا کیونکہ یہ افراد بیلجیئم کے امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ثابت ہو سکتے تھے۔سیمی مہدی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا معاشرہ پہلے ہی بہت منقسم ہے اور ہم ایسے لوگ نہیں چاہتے جو یہاں نفرت پھیلائیں۔