جنیوا (این این آئی)گنیز ورلڈ ریکارڈز نے کہاہے کہ ایک سعودی خاتون نے دنیا کی سب سے بڑی کافی پینٹنگ بنا کر سعودی عرب میں یہ ریکارڈ اپنے نام کرنے والی تنہا خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عھود عبداللہ المالکی نے
زائد المعیاد کافی کو استعمال کرتے ہوئے سعودی عرب اور ہمسایہ ملک متحدہ عرب امارات کے رہنماوں کی تصاویر تخلیق کی۔ان کی یہ پینٹنگز 220 مربع میٹر پر بنائی گئی ہیں۔گنیز ورلڈ ریکارڈز کے ایک بیان کے مطابق عھود المالکی کا کہنا تھامیں نے یہ پینٹنگز مسلسل 45 دن کے کام سے مکمل کی ہیں۔ ان کے ساتھ دو نگران بھی موجود تھے جو ڈرون اور ویڈیو کے ذریعے کام کو ریکارڈ کر رہے تھے۔انہوں نے اپنے فن پاروں کو نسیج ون یعنی ایک ساتھ متصل کا نام دیا ہے۔ انہوں نے یہ پینٹنگز سعودی عرب کے شہر جدہ میں بنائی ہیں اور ان کے لیے ساتھ جڑے ہوئے کینسوسز کا استعمال کیا گیا ہے۔ان تصاویر میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے بانی سعودی بادشاہ عبدالعزیز بن سعود اور متحدہ عرب امارات کے بادشاہ شیخ زاید بن سلطان النہیان کے پینٹنگز شامل ہیں۔