نئی دہلی (این این آئی)انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اعلان کیا ہے کہ انھیں اپنے کام کی وجہ سے بھارتی حکومت کی جانب سے نشانہ بنایا جا رہا ہے اور وہ اس وجہ سے بھارت میں اپنے آپریشن بند کر رہے ہیں۔
تنظیم نے بھارتی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی تنظیموں کے خلاف ایک مہم چلا رہی ہے۔ایمنسٹی کے مطابق ان کے بینک اکاؤنٹ منجمد کر دیے گئے ہیں اور انھیں اپنے ملازمین کو فارغ کر کے ملک میں جاری اپنا تمام کام روکنا پڑا ہے۔بھارتی حکومت نے اب تک ان الزامات پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بھارت میں سینیئر ریسرچ ڈائریکٹر راجات کھوسلہ نے غیر ملکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ صاف بات ہے کہ حکومت ہمارے سوالات کے جواب نہیں دینا چاہتی، چاہے وہ دہلی فسادات میں ہماری تحقیقات ہوں یا جموں و کشمیر میں آوازیں دبانے کی کوششیں۔گزشتہ ماہ جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں ایمنسٹی نے دعویٰ کیا تھا کہ دہلی پولیس نے فروری میں ہونے والے فسادات کے دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کیں۔