قاہرہ (آن لائن) مصر کے شہر قاہرہ کے قریبی قصبے میں گذشتہ دنوں ایک دلچسپ مگر حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا ہے۔مصر کے اخبار الوطن کے مطابق ایک دیہاتی نے دوستوں کے ساتھ بیٹھے مذاق مذاق میں موبائل فون نگل لیا تھا۔یونیورسٹی سپتال
کے ڈاکٹر محمد الجزار نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ مریض حسن رشاد کی عمر 28 سال ہے اور وہ قریبی دیہی علاقے القیوبیہ کا رہنے والا ہے۔یہ شخص سینے اور پیٹ میں شدید تکلیف کی شکایت لے کر ہسپتال آیا تو اس کا مکمل چیک اپ کیا گیا۔ ایکسرے کرنے کے بعد موبائل فون کی موجودگی کا پتہ چلا۔دریافت کرنے پر مریض نے بتایا کہ اس نے سات مہینے قبل دوستوں کے کہنے پر یہ موبائل نگل لیا تھا۔ اس کا خیال تھا کہ قے آنے سے موبائل فون واپس باہر نکل آئے گا مگر ایسا نہیں ہوا اور اس نے اہل خانہ سے اس کا ذکر بھی نہیں کیا۔ہسپتال میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے دو گھنٹے طویل اور کامیاب آپریشن کر کے موبائل نکال لیا ہے۔ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ مریض کی قسمت اچھی ہے کہ موبائل کی بیٹری پیٹ میں تحلیل نہیں ہوئی ورنہ بیٹری کے اندر موجود کاربن کے زہرآلود ہونے کے باعث اس کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔مریض تاحال ہسپتال میں داخل ہے اور تیزی سے صحت یاب ہو رہا ہے۔