قاہرہ(این این آئی) عرب لیگ نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے معاہدے کی مذمت کے لیے فلسطین کی جانب سے جمع کروائے گئے قرار داد کے مسودے کو خارج کردیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کی ویڈیو کانفرنس میں فلسطینی
قیادت کی جانب سے امارات اور اسرائیل کے مابین ہونے والے معاہدے کی مزمت کے لیے قرار داد کا مسودہ جمع کروایا گیا جس پر اتفاق نہیں ہوسکا تاہم عرب ممالک اور فلسطینی قیادت نے بعد ازاں قرارداد میں 2002 کے عرب امن معاہدے اور دو ریاستی حل پر زور دینے پر اتفاق کیا۔خبر رساں ادارے کے مطابق بعض عرب ممالک نے امارات اور اسرائیل کے مابین تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے کیے گئے معاہدے کو جائز تسلیم کرنے کی شق بھی قرارداد میں شامل کروانے کی کوشش کی تاہم ان عرب ممالک کے نام سامنے نہیں آسکے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امارات اور اسرائیل کے مابین امریکا کی ثالثی سے ہونے والے معاہدے پر دستخط کی رسمی تقریب آئندہ ہفتے امریکا میں ہونے والی ہے ۔ فلسطین اس تقریب سے قبل معاہدے پر عرب لیگ سے مذمتی قرارداد منظور کروانا چاہتا تھا جس میں اسے کام یابی حاصل نہیں ہوسکی۔