ابوظہبی (این این آئی )متحدہ عرب امارات کے ایک اعلی سطحی افسرنے کہاہے کہ 3 تا 5 ماہ کی مدت کے اندر اسرائیل میں ہم اپنا سفارتخانہ کھول دیں گے۔اسرائیلی اخبار کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دفترِ خارجہ کے ایک افسر کہ جس کا نام خفیہ رکھا گیا کا کہنا تھا کہ
3 تا 5 ماہ کے اندر اسرائیلی شہری متحدہ عرب امارات کا ویزا حاصل کر سکیں گے۔دفترِ خارجہ کے اسی افسر کا کہنا تھا کہ سفارتخانے سمیت ہائفہ اور ناصیرہ شہروں میں قونصل خانے کھولنے کے امور پر بھی کام جاری ہے۔اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کے متمنی ہونے کا ذکر کرنے والے اس افسر کا کہنا تھا کہ اسرائیل میں مقیم فلسطینی شہری ان کے لیے اہم ہیں اور ہم ان کو قیام ِ امن میں اہم حصہ داروں کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، لہذا ہمارے قونصل خانوں کے دروازے فلسطینیوں کے لیے بھی کھلے رکھے جانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اماراتی افسر نے کہا کہ ہم سفارتخانے اور قونصل خانوں کے قیام کے امور پر کام کر رہے ہیں۔