اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے سیاحت کو مزید فروغ دینے کیلئے نئے طرز کا ویزا متعارف کروا دیا ۔تفصیلات کے مطابق نئی طرز کی ویزا سروس کو ریٹائرمنٹ ویزاکا نام دیا گیا ہے۔
دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے اس ویزا اسکیم کو لانچ کیا گیا۔ ہر وہ غیر ملکی بزرگ شہری جو ملازمت سے ریٹائر ہو چکا، یا اس کی عمر 55 سال سے زائد ہے، وہ ریٹائرمنٹ ویزا حاصل کرنے کا اہل ہوگا۔تاہم ریٹائرمنٹ ویزا حاصل کرنے کیلئے مزید کچھ پیشگی شرائط پر بھی پورا اترنا ہوگا۔ریٹائرمنٹ ویزا حاصل کرنے کے خواہش مند غیر ملکی شہری کیلئے لازم ہے کہ اس کی کم سے کم ماہانہ آمدن 20 ہزار درہم ہو، یا اس کے بینک اکائونٹ میں 10 لاکھ درہم کی رقم موجود ہے یا اگر اس غیر ملکی شہری کے نام پر متحدہ عرب امارات میں 20 لاکھ درہم مالیت کی جائیداد موجود ہے، تو بھی یہ ریٹائرمنٹ ویزاکیلئے اہل ہوگا۔ ریٹائرمنٹ ویزا کی مدت 5 سال ہوگی۔ ایکسپائر ہونے کی صورت میں تجدید کروانا ہوگی۔