ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات میں حکومت نے نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے مردملازمیں کو بچے کی پیدائش پر پہلی مرتبہ باتن خواہ پانچ دن کی چھٹی دینے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان نے اس ضمن میں لیبر قانون میں ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔ان کے تحت نجی شعبے کے مرد ملازمین اب اپنے گھر میں بچے کی پیدائش کے وقت با تن خواہ پانچ دن کی رخصت لے سکیں گے۔اس قانون کے تحت انھیں مزید یہ رعایت دی گئی ہے کہ وہ بچے کی تاریخِ پیدائش سے چھ ماہ کے اندر کسی بھی وقت دفتر سے یہ رخصت لے سکتے ہیں۔اس وقت نجی شعبے میں کام کرنے والی صرف خواتین کو45 دن کی تولیدی رخصت دی جاتی ہے۔ نجی شعبے میں کام کرنے والے مرد حضرات کے مفاد میں یہ تازہ اقدام کیا گیا ہے اور یو اے ای عرب دنیا میں نجی شعبے کے کسی ملازم کو بچے کے جنم پر رخصت دینے والا پہلا عرب ملک بن گیا ہے۔نئے صدارتی فرمان کا مقصد خاندان کو مستحکم اور مضبوط بنانا اور یو اے ای کی صنفی مسابقت کے شعبے میں پوزیشن کو بہتر بنانا ہے۔ نیز نوجوان ٹیلنٹ کی نجی شعبے میں کام کے لیے حوصلہ افزائی کرنا ہے۔