ایتھنز (این این آئی )یونان کے سب سے بڑے اور سب سے زیادہ آبادی والے جزیرے کریٹے پر تقریبا دو سو پاکستانی تارکین وطن اور تیس کے قریب مقامی باشندوں کے مابین لڑائی میں کم از کم دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ لڑائی کریٹے کے
جزیرے پر ٹِمباکی نامی قصبے کے قریب ہوئی۔ اس لڑائی کے دوران امن عامہ کی بحالی کے لیے پولیس کے مسلح دستوں کو فوری مداخلت کرنا پڑی اور وہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی نصف شب تک مقامی باشندوں اور پاکستانی تارکین وطن کے مشتعل لیکن متحارب گروپوں کو ایک دوسرے سے الگ کرنے میں کامیاب ہو گئے۔مقامی پولیس نے تصدیق کی کہ اس لڑائی کی وجہ سے 22 پاکستانیوں اور دو یونانی باشندوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ تاہم پولیس نے شدید نوعیت کے اس تنازعے کی وجوہات کے بارے میں کچھ بھی کہنے سے انکار کر دیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق وسیع پیمانے پر یہ لڑائی اور ہاتھا پائی اس وقت شروع ہوئی جب ایک مقامی یونانی خاتون نے ایک پاکستانی شہری کو گالی دی تھی۔