اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا کی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی نے رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں جو بائیڈن کو اپنا باضابطہ صدارتی امیدوار نامزد کردیا۔نجی ٹی وی جیو کی رپورٹ کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کا 4 روزہ کنونشن جاری ہے
جس میں تمام امریکی ریاستوں سے پارٹی قیادت شریک ہے تاہم یہ اجلاس کورونا کی وجہ سے آن لائن ہورہا ہے۔17 سے 20 اگست تک جاری رہنے والے اجلاس کے دوسرے روز سابق نائب صدر جوبائیڈن کو پارٹی کا باضابطہ امیدوار نامزد کیا گیا۔سابق امریکی صدور جمی کارٹر، بل کلنٹن اور سابق وزیر خارجہ کولن پاؤل نے جوبائیڈن کی نامزدگی کی حمایت کی۔77 سالہ جوبائیڈن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار بننے کی تیسری کوشش میں کامیاب ہوسکے ہیں، اس سے قبل 1988 اور 2008 میں بھی وہ صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل تھے تاہم ناکام ہوگئے تھے۔ڈیموکریٹک امیدوار امریکی صدر اوباما کے ساتھ 2009 سے 2016 تک بطور نائب صدر کام کرچکے ہیں۔جوبائیڈن کی نامزدگی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔جوبائیڈن کا تعلق امریکی ریاست ڈیلاویئر سے ہے اور وہ طویل عرصہ سینیٹ کے رکن رہے ہیں۔