تل ابیب (این این آئی)اسرائیل کے صدر نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید کو بیت المقدس (یروشلم)کا دورہ کرنے کی دعوت دے دی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی صدر نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے معاہدے کے
حصول میں ولی عہد کے کردار کی تعریف کی۔اسرائیلی صدر ریون ریولن نے ولی عہد شیخ محمد زاید کو لکھے گئے مراسلے میں کہا کہ فیصلہ کن دنوں میں قائدانہ صلاحیت کا اندازہ آگے قدم بڑھانے کے لیے حوصلے اور صلاحیت اور دور اندیشی سے ہوتا ہے۔ریون ریولن نے کہا کہ مجھے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ آنے والی نسلیں آپ جیسے بہادر، عقلمند رہنمائوں کے امن و اعتماد پر مبنی، لوگوں اور مذاہب کے مابین مکالمہ، تعاون اور ایک امید افزا مستقبل سے متعلق فیصلے پر تعریف کریں گی۔اسرائیلی صدر نے خط میں کہا کہ اسرائیل کے عوام اور میںذاتی طور پرآپ کو اسرائیل اور یروشلم کا دورہ کرنے کی دعوت دیتا ہوں اور ہمارے معزز مہمان بن کر عزت افزائی کا موقع دیں۔ریون ریولن نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ قدم ہمارے اور خطے کے لوگوں کے مابین اعتماد کو مضبوط بنانے اور اس کو مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا اور یہ اعتماد ہم سب کے مابین تفہیم کو فروغ دے گا۔اسرائیلی صدر نے ابوظہبی کے ولی عہد کو لکھے گئے خط میں مزید کہا کہ یہ اعتماد، جس کا اظہار نیک اور جرات مندانہ عمل کے ذریعے کیا گیا، ہمارے خطے کو آگے بڑھائے گا، معاشی ترگی لائے گا اور مجموعی طور پر مشرق وسطی کے عوام کو خوشحالی اور استحکام فراہم کرے گا۔