نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس وثقافت (یونیسکو)نے متنبہ کیا ہے کہ اگست کے اوائل میں بیروت میں ہوئے دھماکے سے عالمی تاریخی ورثے میں شامل 640 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور ان میں سے 60 کے منہدہم ہونے کا خطرہ ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق
تنظیم نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ اس نے یہ اعداد و شمار لبنان کی وزارت ثقافت کے نوادرات کے ڈائریکٹر جنرل سرکیس خوری کے ایک جائزہ سے حاصل کیے ۔ خوری نے کہا کہ بیروت دھماکوں میں کم سے کم آٹھ ہزار عمارات کو نقصان پہنچا تھا۔ ان میں سے بیشتر پرانی کالونیوں جیمیزہ اور مار میخائل میں واقع ہیں۔ انہوں نے متاثرہ تاریخی عمارتوں کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا اور کہا بروقت ان عمارتوں کی مرمت نہ کی گئی تو موسم خزاں کی بارشیں ان کے منہدم ہونے کا باعث بن سکتی ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دھماکے سے متعدد عجائب گھروں جن میں نیشنل میوزیم ، سرسق میوزیم ، امریکن یونیورسٹی آف بیروت میوزیم ، اور ثقافتی اور مذہبی مقامات اور گیلریوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔یونیسکونے اعلان کیا کہ وہ بیروت کے متاثرہ تاریخی ورثہ کی تعمیر نو کے لیے وہ بین الاقوامی تحریک کی قیادت کرے گا۔ یونیسکو کا کہنا تھا کہ وہ بیروت دھماکوں سے متاثرہ مقامات کی بحالی کے لیے لبنان اور بیرون ملک ثقافتی تنظیموں اور ماہرین کی مدد لے رہی ہے۔