واشنگٹن (آن لائن) امریکی سیاستدان ڈیوڈ ٹرون نے مقبوضہ کشمیر پر 5 اگست کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وادی میں رہنے والے کشمیریوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں ، میرے حلقے کے لوگ کشمیر میں اپنے خاندانوں کے لیے فکر مند ہیں۔ ڈیوڈ ٹرون کا کہنا تھا کہ بھارت نے 45 ہزار اضافی فوجی کشمیر میں منتقل کیے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ، ٹیلی فون سروس معطل ہے، مقبوضہ وادی میں ہزاروں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
جس کی وجہ سے وادی میں 45 فی صد آبادی کو ذہنی پریشانی کا سامنا ہے۔ڈیوڈ ٹرون کا کہنا تھا کہ کشمیر کی صورت حال پر ان کے حلقے کے لوگوں کو مقبوضہ وادی میں ان کے خاندانوں کی فکر لاحق ہے، کرونا کی وجہ سے کشمیریوں کو ایک اور لاک ڈاؤن کا سامنا ہے، مقبوضہ کشمیر میں حفاظتی سامان اور طبی عملے کی شدید کمی ہے، انٹرنیٹ کی بندش نے بھی معلومات تک رسائی کو روک رکھا ہے، اور وادی میں رہنے والوں کا معاش اور ان کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔