ابوظہبی (این این آئی )متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کرونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عید الاضحی کے بڑے اجتماعات منعقد کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور شہریوں اور مکینوں کو عید الفطر کی طرح عید الاضحی کی نماز بھی اپنے گھروں ہی میں ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق نیشنل ایمرجنسی کرائسیس اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے یہ ہدایت کی کہ عبادت گزاروں کو عبادت(نمازوں کی ادائیگی)کے وقت ایک
دوسرے سے سماجی فاصلے کے قاعدے کی پاسداری کرنی چاہیے۔انھیں ایک دوسرے سے تین میٹر کا محفوظ فاصلہ اختیار کرنا چاہیے،جمگھٹا نہیں لگانا چاہیے اور کسی بھی شکل میں ایک دوسرے سے مصافحہ نہیں کرنا چاہیے۔نمازیوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ وہ اپنا مصلی (جائے نماز)گھر سے ساتھ لے کر آئیں۔وہ گھروں سے ہی وضو کرکے آئیں اور مساجد میں آنے سے قبل مسلسل ہاتھوں کو سینی ٹائز کریں۔ نمازیوں کو ہر نماز کے وقت چہرے پر لازمی طور پر ماسک پہننا ہوگا۔