واشنگٹن( آن لائن) امریکی اخبار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر کورونا کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے پاکستان میں کورونا وائرس کی صورت حال پر مضمون میں لکھا ہے کہ عیدالفطر کے بعد پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا تاہم حکومتی اقدامات کی وجہ سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ رک گیا ہے۔
اخبار لکھتاہے کہ پاکستانی حکام نے عید الفطر پر بازار ،مارکیٹس اور ٹرانسپورٹ کی اجازت دیکر اپنی غلطی کو تسلیم کرلیا ہے اور اب عید الاضحی پر اس غلطی کو دوبارہ دوہرانے کی کوشش نہیں کریں گے اور عید پر کورونا پھیلائو کیخلاف انتہائی سخت اقدامات کئی ہفتے پہلے ہی شروع کر دیئے تھے ،اخبار نے مزید لکھا کہ اگر پاکستانی حکام عید الاضحی پر کورونا وائرس کو روکنے میں کامیاب ہوگئے تو آسانی کے ساتھ اس وباء کا پاکستان سے جلد ہی خاتمہ ہو جائیگا، رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ پاکستان میں یومیہ اوسطاً 70 ہلاکتیں اور دو ہزار سے زائد کیس سامنے آ رہے تھے جو کم ہو کر ہلاکتیں 30 اور نئے کیسز ایک ہزار تک آگئے ہیں جو بہتر اقدامات کے حوصلہ افزا نتائج ہیں لیکن حکومت کو عید الاضحیٰ کے موقع پر ملک میں ایک بار پھر کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے تاہم وباء کیخلاف حکومت کا یہ آخری امتحان ہے جس میں کامیابی کی صورت میں پاکستان سے جلد وباء کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا ۔