ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر ضیاء اللہ خان داوڑ کو کووڈ-19 کی ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے خدمات انجام دینے پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔عرب میڈیا کے مطابق ڈاکٹر ضیاء اللہ خان پچھلے 4 سالوں سے سعودی عرب میں مقیم ہیں اور انہوں نے متعدد صحت
پروگراموں میں کام کیا ہے جن میں تپ دق، ڈینگی بخار، اور ملیریا شامل ہیں۔اب ڈاکٹر ضیاء اللہ خان جدہ میں وزارت صحت کے ساتھ کووڈ-19 نگرانی اور ڈیٹا انیلیسس ٹیم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر ضیاء اللہ نے بتایا کہ سعودی عرب کی وزارت صحت نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں 100 دن کی خدمات کے اعتراف میں طبی عملے کو ایوارڈز دیے اور میں بھی یہ ایوارڈ لینے والوں میں سے ایک ہوں۔انہوںنے کہاکہ اپنی خدمات کی پہچان ملنے پر بہت فخر محسوس ہورہا ہے، میں شمالی وزیرستان سے آیا ہوں اور یہ ایوارڈ نہ صرف میرے لیے بلکہ میرے علاقے اور پورے پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک موبائل ٹیم میں کام کر رہے تھے جو کہ بہت چیلنجنگ اور خطرناک ہے، جیسے ہی ہمیں کسی مثبت کیس رپورٹ ہونے کی اطلاع ملتی تھی تو ہم فوراً اس جگہ جاتے تھے۔