واشنگٹن(این این آئی)امریکا میں سیاہ فام شہری کی موت کو پوسٹ مارٹم رپورٹ میں قتل قرار دے دیا گیا۔ مقتول کو حراست اور تشدد کے دوران دل کا دورہ بھی پڑا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے نے بتایاکہ سرکاری پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق جارج فلائیڈ کو دل کا دورہ بھی پڑا تھا۔
جبکہ رپورٹ میں گردن سختی سے دبانے کی تصدیق بھی ہوگئی ہے۔مقتول کو پہلے سے دل کی بیماری تھی۔قبل ازیں جارج فلائیڈ کے اہل خانہ کی جانب سے کرائے گئے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں بھی موت کی وجہ گردن اور کمر کو دبانا قرار دیا گیا تھا۔واضح رہے کہ سیاہ فام جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد امریکا کے کئی شہروں میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ دریں اثناامریکی پولیس اہلکار کے تشدد سے ہلاک ہونے والے سیاہ فام جارج فلائیڈ کے بھائی ٹیرنس فلائیڈ نے مناپولس شہر میں جائے وقوعہ پر پہنچ کر مظاہرین سے بات چیت کی۔ اس موقع پر جارج فلائیڈ کے لئے دعائیہ تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹیرنس فلائیڈ نے کہا کہ مختلف شہروں میں ہونے والے فسادات سے انکا بھائی واپس نہیں آجائے گا۔ مظاہرین بدلہ لینے کے لئے اپنے آپ کو اس قابل بنائیں کہ انہیں پتا ہو کہ وہ کس کو ووٹ دے رہے ہیں۔ٹیرنس نے مزید کہا کہ ان کا بھائی امن پسند شخص تھا۔ موقع پر موجود شہریوں نے مقتول کے بھائی سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔