اسلام آباد /دبئی (این این آئی)متحدہ عرب امارات کے بڑے شہر دبئی میں سیکڑوں پاکستانی سڑکوں پر سونے پر مجبور ہیں، جن کی وطن واپسی کا انتظام نہیں ہو سکا ہے۔میڈیار پورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وباء کے باعث لاک ڈائون کی وجہ سے سیکڑوں پاکستانیوں کے پاس رہائش اور کھانے پینے کے لیے پیسے ختم ہو گئے ہیں۔
دبئی کی سڑکوں پر سونے والے 200 سے زائد پاکستانیوں کو حکام نے پاکستان قونصل خانے کے حوالے کر دیا ۔دبئی میں موجود پاکستان قونصل خانے نے اس حوالے سے کہا کہ 200 بے گھر پاکستانیوں کو رہائش اور خوارک دے رہے ہیں۔پاکستان قونصل خانے کے حکام کا کہنا ہے کہ 100 بے گھر پاکستانیوں کو اب تک وطن روانہ کر چکے ہیں۔پاکستان قونصل خانے کے حکام کا کہنا ہے کہ خصوصی فلائٹس کی تعداد انتہائی کم ہے، تاہم پاکستانیوں کو بتدریج بھجوایا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ یہ بے گھر پاکستانی شہری جمیرا، الوصل اسٹریٹ، پاکستان قونصل خانہ دبئی کی عمارت کے قریب سڑکوں پر رہ رہے تھے۔دبئی میں 60 ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے خواہش مند ہیں، ہزاروں پاکستانی واپسی کے لیے رجسٹریشن کرا چکے ہیں، مگر 2 ماہ بعد بھی ٹکٹس نہ مل سکے۔