الریاض( آن لائن) سعودی وزارتِ انصاف کی جانب سے گزشتہ روز تمام عدالتوں کو ایک حکم نامہ ارسال کیا گیا ہے جس میں انہیں سعودی عدالتِ عظمیٰ کے تازہ فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے آئندہ سے وہ کوڑے لگانے کی سزا نہیں دیں گی بلکہ انہیں ’’قید، جرمانہ یا دونوں‘‘ سزائیں دینی چاہئیں۔ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارتِ عدل کی جانب سے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کیا گیا ہے جس کے مطابق ’’اب کوڑوں کی سزا کے متبادل کے طور پر جیل یا جرمانے یا دونوں سزائیں دی جائیں گی۔
عدالتیں مقدمات کی سماعت کریں گی، ان کا جائزہ لیں گی اور ہر مقدمے کا اس کی نوعیت کے اعتبار سے منصفانہ فیصلہ کریں گی۔واضح رہے کہ سعودی سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ ماتحت عدالتوں کے نظام میں ایک شاہی فرمان کے ذریعے کوڑوں کی سزا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ حکم کا اطلاق صرف ایسے جرائم پر ہوگا جن کیلیے اسلام میں شرعی طور پر سزائیں مقرر نہیں اور منصف (جج) کو یہ صوابدیدی اختیار دیا گیا ہے کہ وہ قرآن و سنت کی روشنی میں، اجتہاد کرتے ہوئے، سزا کا خود تعین کرے۔