ہماچل پردیش (ساوتھ ایشین وائر)ہماچل پردیش کی بلاسپور پولیس کے اہلکار پر خاتون مزدور کی آبروریزی کا الزام لگا ہے ۔ متاثرہ خاتون کا الزام ہے کہ پولیس اہلکار نے راشن دینے کا جھانسہ دے کر اس کی آبروریزی کی ۔ پولیس نے ملزم جوان کے خلاف معاملہ درج کرکے اس کو گرفتار کرلیا ہے ۔
ساوتھ ایشین وائر کے مطابق بلاسپور ضلع کی کھارسی پولیس چوکی میں تعینات پولیس اہلکار نے جمہ دیر رات ایک خاتون مزدور کی آبروریزی کی ۔جمعہ کو کھارسی پولیس چوکی میں تعینات اجے کمار نام کے پولیس اہلکار نے مزدور کے طور پر کام کرنے والی خاتون کو راشن دینے کا جھانسہ دے کراس کو اس کے کمرے سے سڑک تک لے گیا ۔ یہاں کھڑی ایک گاڑی میں ڈرائیور کی سیٹ پر پہلے سے ہی ایک شخص بیٹھا ہوا تھا ۔ متاثرہ خاتون کی پولیس میں درج شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ اس کو زبردستی گھماروی میں اپنے کوارٹر میں لے جایا گیا ، جہاں ملزم پولیس اہلکار نے اس کی آبروریزی کی اور اس کے بعد اس کو گھماروی میں ہی چھوڑ دیا ۔ متاثرہ خاتون نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ گاڑی میں پہلے سے بیٹھے شخص کے بارے میں وہ کچھ نہیں جانتی ہے ۔ وہ سب کچھ جانتے سمجھتے ہوئے بھی خاموش رہا ۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کی شکایت پر ملزم پولیس اہلکار کے خلاف معاملہ درج کرکے اس کی جانچ شروع کردی ہے ۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق برمانہ پولیس نے ملزم کے خلاف معاملہ درج کرکے اس کو گرفتار کرلیا ہے ۔ پولیس ملزم جوان سے پوچھ گچھ کررہی ہے ۔ ڈی ایس پی صدر دفتر بلاسپور سنجے شرما نے معاملہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے متاثرہ کی شکایت کی بنیاد پر ملزم اجے کمار کو گرفتار کرلیا ہے اور اب اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔