واشنگٹن( آن لائن) امریکہ نے طالبان کو پرتشدد واقعات نہ روکنے پر جوابی کارروائی کی دھمکی دے دی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان میں امریکی افواج کے ترجمان کرنل سونی لیگٹ نے طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کو خط لکھ دیا جس میں جوابی کارروائی کی دھمکی دی۔خط کے متن کے مطابق کرنل سونی لیگٹ نے لکھا کہ مزید خون بہانے سے روکنے کے لیے تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے
اور اگر پرتشدد واقعات میں کمی نہ آئی تو جواب دینے پر مجبور ہوں گے۔امریکی افواج کے ترجمان نے کہا کہ تمام فریقین کو سیاسی حل کی جانب لوٹنا چاہیے اور افغانوں کو مل بیٹھ کر افغانستان کے مستقبل کے بارے میں گفتگو شروع کرنی چاہیے۔دوسری جانب ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ طالبان اپنی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور افغان طالبان اپنی جانب سے معاہدے کا احترام کر رہے ہیں۔