غزہ(این این آئی)فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں کرونا کی وباء کی روک تھام کے لیے ٹھیکیدار یونین، مخیر حضرات اور کاروباری شخصیات بھی تمام تر مشکلات کے باوجود میدان عمل میں اترآئی ہیں۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی کی ٹھیکیدار یونین کے سربراہ اسامہ کحیل نے بتایا کہ کرونا وباء سے نمٹنے میں وزارت صحت کی مدد کے لیے غزہ کے کاروباری حضرات نے
مصنوعی آکسیجن کی 100 ڈیوائسز تیار کرنے کے لیے مالی مدد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے انتقامی سیاست اور ان کی مسلسل حق تلفی کے باوجود غزہ کے تاجر اور ٹھیکیدار کرونا کے خلاف جاری مہم میں کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے۔اسامہ کحیل نے کہا کہ غزہ کے ٹھیکیدار بھی اسی مٹی کے فرزند ہیں۔ انہوں نے کرونا کے مریضوں کے لیے ایک سو آکسیجن ڈیوائسز تیار کرنے اور غزہ میں وزارت صحت کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کی طرف سے غزہ میں مصنوعی آکسیجن ڈیوائسز کی تیاری کے چار مقامی کمپنیوں سے بات چیت کی ہے۔ اس حوالے سے فلسطینی وزارت صحت کے حکام سے بھی بات کی گئی اور بہترین معیار کی آکسیجن ڈیوائسز کی تیاری کے لیے درکار رقم فراہم کی جائیگی۔