میڈرڈ( آن لائن )سپین میں مسلسل دوسرے روز 24گھنٹوں کے اندر900سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں ، یہ بات جمعہ کو سرکاری اعداد وشمار میں دکھائی گئی ہے اگرچہ نئے متاثرین اور ہلاکتوں کی شرح مسلسل کم ہورہی ہے ۔سپین میں دنیا میں ہلاکتوں کے حوالے سے دوسری سب سے بڑی تعداد سامنے آئی ہے ۔وائرس سے اب تک 10945 جانیں جاچکی ہیں جن میں ایک روز قبل 932اموات ہوئیں جبکہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 117710 ہو گئی ہے۔
تاہم وزارت صحت کے اعداد وشمار نئے کیسز اور اموات کی شرح میں مسلسل کمی کے رجحان کی تصدیق کرتے ہیں ، تازہ اعداد وشمار ظاہر کرتے ہیں کہ متاثرین کی شرح جمعرات کو 7.9فیصد کے مقابلے میں 6.8فیصد تک گر گئی ہے جو کہ گزشتہ ہفتے کے وسط میں 20فیصد تک پہنچ چکی تھی اور روزانہ کی بنیاد پر ہلاکتوں میں بھی جمعرات کو 10.5فیصد کے مقابلے میں 9.3فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے اور 25مارچ کو 27فیصد اضافے سے یہ بڑی کمی دیکھی گئی ہے۔