نئی دہلی (این این آئی)بھارت نے ملک میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے بعد ملک میں اعلان کردہ لاک ڈاؤن کے بعد حکومت نے غریبوں کی مدد کے لیے 22.6ارب ڈالر کی خطیر رقم کے پیکج کا اعلان کردیا۔وزیر خزانہ نرملا سیتھارامن نے غریب کلیان یوجنا کے تحت ملک کے شہری و دیہی آبادی کے غریب افراد، روزانہ کمانے والے افراد اور دیگر متاثرہ افراد کے لیے 22.6ارب ڈالر کی خطیر رقم کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔
نرملا نے جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں فوری مدد کے منتظر دیہی و شہری آبادی کے غریب افراد کے لیے پیکج تیار ہے۔انہوںنے کہاکہ ملک کے 80کروڑ افراد یا دو تہائی آبادی کو آئندہ تین ماہ تک 5کلو چاول یا آٹا مفت ملے گا ، یہ انہیں اس دیے جانے والے 5کلو راشن کے علاوہ ہو گا، اس کے علاوہ انہیں ایک کلو اضافی دال بھی دی جائے گی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ راشن کارڈ کے حامل افراد پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم سے دو قسطوں میں دال چاول وغیرہ لے سکتے ہیں اور ان اقدامات سے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی بھی غریب بھوکا نہ رہے۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق بھارت کے پااس اس وقت 58.49ملین ٹن خوراک کا ذخیرہ موجود ہے جس میں تقریباً 31ملین ٹن چاول اور اور 27.52ملین ٹن دالوں کا ذخیرہ شامل ہے۔نرملا نے محکمہ صحت کے ہر فرد کے لیے فی کس 50لاکھ افراد روپے کی میڈیکل انشورنس دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ انشورنس 3ماہ کے لیے حاصل ہو گی اور امید ہے کہ وہ اس پر قابو پانے کامیاب رہیں گے۔وزیر خزانہ کے اعلان سے قبل اسٹاک ایکسچینج میں 5فیصد اضافہ ہوا جبکہ ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپے کی قدر میں بھی 64فیصد اضافہ دیکھا گیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ ملک کے 8کروڑ 69لاکھ کسانوں کو فی کس 2ہزار روپے وزیر اعظم کے کسان یوجنا پروگام کے تحت ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیے جائیں گے اور انہیں 2ہزار روپے کی پہلی قسط اپریل میں مل جائے گی۔
بھارتی وزیر خزانہ نے کہا کہ آئندہ تین ماہ کے دوران دواقساط میں اضافی فی کس ایک ہزار روپے 60سے زائد عمر کے شہریوں، بیواؤں اور معذور افراد کو دیے جائیں گے جس سے 3کروڑ افراد کو فائدہ ہو گا۔اس کے علاوہ انہوں نے آئندہ تین ماہ کے دوران ملک کی 20کروڑ خواتین کو ہر ماہ 500روپے دینے کا بھی اعلان کیا جس سے 7کروڑ گھروں کو فائدہ ہو گا۔اس کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی عوام کے لیے مختلف مراعات کا اعلان کیا گیا جبکہ پراویڈنٹ فنڈ میں بھی 12فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔بھارتی وزیر خزانہ نے تعمیرات کی صنعت کے رجسٹرڈ ساڑھے تین کروڑ افراد کے لیے 31ہزار کروڑ کے فنڈز کا اعلان کیا ہے۔حکومت نے اس کے علاوہ ٹیکس کی ادائیگی، ٹیکس ری فنڈ فائل کرنے سمیت دیگر حکومتی ادائیگیوں کی تاریخ میں توسیع کردی ہے۔