لاہور(این این آئی)ایک رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر ہر 40 سیکنڈز میں ایک شخص خودکشی کرتا ہے۔ مجموعی طور پر 8لاکھ افراد افراد اپنی زندگی کا خاتمہ کرتے ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق خودکشی کو 15-29 سال کی عمر کے بچوں میں موت کی دوسری اہم وجہ سمجھا جاتا ہے۔
خودکشی کے واقعات دنیا بھر میں رونما ہوتے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق سال 2016 کے دوران خودکشی کے 79 فیصد واقعات غریب ممالک سے تعلق رکھنے والے خاندانوں میں پیش آئے۔ تاہم اسی سال پاکستان میں خودکشی کی شرح ایک لاکھ کی آبادی میں 1.4 فیصد رہی۔ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے مطابق 2015 میں خودکشی کے1900واقعات ریکارڈ کئے گئے تھے جبکہ 2016 اور 2017 میں یہ تعداد بڑھ کر بالترتیب 2300اور3500تک جا پہنچی۔ ایچ آر سی پی کے مطابق خودکشی کے 90 فیصد واقعات کوئی نہ کوئی ذہنی بیماری میں مبتلا ہونے کی وجہ سے پیش آئے۔ عالمی ادارہ صحت نے مزید پیشگوئی کی ہے کہ 2019 میں لگ بھگ 1.53 ملین افراد کی موت کی وجہ خودکشی ہوسکتی ہے لیکن ابھی تک کوئی سرکاری اعداد و شمار شائع نہیں کیے گئے ہیں۔