واشنگٹن(این این آئی)امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے اعتراف کیا ہے کہ 8 جنوری کو عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر ایرانی میزائل حملوں کے باعث 34 امریکی فوجی دماغی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ ایرانی میزائل حملوں سے 34 فوجی اہلکاروں لگنے والی دماغی چوٹوں کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پینٹاگان کے ترجمان جوناتھن ہافمین نے صحافیوں کو بتایا کہ دماغی طورپر متاثر ہونے والے فوجیوں کو پہلے جرمنی اور اس کے بعد وہاں سے امریکا لے جایا گیا ہے۔آٹھ جنوری کو ایرانی پاسداران انقلاب نے اعلان کیا کہ اس نے مغربی عراق کے صوبہ الانبار میں عین الاسد اڈے اور اربیل میں ایک اور اڈے پر میزائل حملے کیے ہیں اور ان حملوں میں امریکی فوج کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ان دونوں اڈوں پر امریکی فوج کی بڑی تعداد موجود تھی۔عراق میں حملوں کے بعد ایران دھمکی دی تھی کہ اگر امریکا مزید کوئی جنگی اقدام کیا تو اس کا اس سے بھی سخت جواب دیا جائے گا۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی حملے سے قبل خطرے کے پیش نظر اڈے پر موجود زیادہ تر امریکی فوجیوں کو اپنے اعلی افسران کی طرف سے پناہ گاہوں میں منتقل کردیا گیا تھا۔امریکی فوج کی سابقہ اطلاعات کے مطابق ایرانی میزائل حملے میں زبردست مادی نقصان ہوا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔