لندن(این این آئی )برطانیہ کی ملکہ ایلزبتھ نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کو شاہی ذمہ داریوں سے الگ ہوتے ہوئے آزاد زندگی گزارنے کی اجازت دے دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے اس بات کا فیصلہ شاہی خاندان کے بلائے گئے ایک ہنگامی اجلاس میں مشاورت کے بعد کیا۔ منعقدہ شاہی خاندان کے ہنگامی اجلاس میں ملکہ ایلزبتھ کے علاوہ پرنس ہیری کے والد پرنس چارلس اور
ان کے بڑے بھائی پرنس ولیم نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے بعد 93 سالہ ملکہ ایلزبتھ نے کہا کہ شاہی خاندان ہیری اور میگھن کو ان کے فیصلے میں تعاون فراہم کرے گا۔ایک بیان میں اْن کا کہنا تھا کہ مناسب یہ ہوتا کہ ہیری اور میگھن شاہی خاندان کا مکمل حصہ رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیتے۔ تاہم وہ ان کی خواہش کا احترام کرتی ہیں اور وہ شاہی خاندان کے ایک اہم فرد رہیں گے۔