واشنگٹن (این این آئی)امریکہ کے ایوانِ نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ کے اختیارات محدود کرنے کی قرار داد منظور کر لی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایوان نمائندگان کے اجلاس کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر ایوان میں ایک قرارداد پیش کی گئی جس کے تحت صدر کے جنگ کے اختیارات میں کمی لانا تھا۔حزب اختلاف کی جماعت ڈیموکریٹس پارٹی کے اکثریتی ایوان نے یہ قرارداد 194 ووٹوں کے مقابلے میں 224 ووٹوں سے منظور کر لی۔
قرارداد کے خلاف تقریباً سب ہی ری پبلکن ارکان نے ووٹ دیا۔صدر ٹرمپ کے جنگ کے اختیارات میں کمی کا معاملہ اب سینیٹ میں جائے گا جہاں حکمراں جماعت ری پبلکن پارٹی کی اکثریت ہے۔وائٹ ہاوس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹس کا جنگ کے صدارتی اختیارات کے حوالے سے اٹھایا گیا اقدام مضحکہ خیز اور سیاسی ہے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایران مسلسل امریکی شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور ایوانِ نمائندگان کا اقدام امریکی شہریوں کی حفاظت کے لیے امریکی صلاحیت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔