تل ابیب (این این آئی)اسرائیل کے وزیر توانائی یووال اسٹائنِٹز نے کہا ہے کہ اس وقت یہ نہیں کہا جا سکتا کہ آیا ایران جوہری ہتھیار سازی کی جانب مائل ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرنے کہاکہ صورت حال کے واضح ہونے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی مہلت نہیں دی جائے گی۔
یووال اسٹائنٹز اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی سکیورٹی کابینہ کے رکن بھی ہیں۔اسرائیلی وزیر کا بیان ایرانی حکومت کے اس فیصلے کے بعد سامنے آیاجس میں کہا گیا کہ یورنیم افزودگی کی مقررہ حد کو ختم کر دیا گیا ہے۔ اس بیان کے ساتھ ایرانی حکومت نے اقوام متحدہ کے جوہری ادارے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھنے کے عزم کو بھی ظاہر کیا۔