دوحہ(این این آئی)ایران کے مقتول جنرل قاسم سلیمانی کو نشانہ بنانے والے دو میزائل ڈرون طیاروں میں نصب تھے۔ یہ دونوں میزائل حملے کے مقام سے 1100 کلو میٹر دور العدید کے امریکی اڈے سے داغے گئے تھے۔ ان میں سے ایک میزائل نے گاڑی کے پرخچے اڑا دیے اور اس میں سوار افراد کی لاشوں کے ٹکڑے سڑک پر بکھر گئے۔جنرل قاسم سلیمانی کے اصل قاتل کے بارے میں امریکی عسکری اہل کاروں کی تھوڑی سی تعداد جانتی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق یہ قاتل امریکا کے انتہائی جنوب مغرب میں واقع ایک فوجی اڈے میں اپنی نشست پر اطمینان کے ساتھ بیٹھا ہو گا۔ جس اہل کار کو سلیمانی کے قتل کی ذمے داری سونپی گئی تھی اس نے ٹی وی اسکرین کی معاونت سے اپنا مشن پورا کیا۔ مذکورہ قاتل نے اس مشین کا بٹن دبایا جس نے ڈرون طیارے کو اڈے سے اڑان بھرنے کا حکم جاری کیا۔میزائل کی لمبائی ایک میٹر اور 60 سینٹی میٹر ، قطر صرف 18 سینٹی میٹر اور پہنچ 8000 میٹر ہے۔