نئی دہلی(این این آئی)ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مسلم دشمن قانون شہریت کے خلاف احتجاج کرنے والے جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباء پردہلی پولیس کی طرف سے تشدد کی مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اویناش کمار نے
ایک بیان میں کہا کہ مظاہرین کی گرفتاری سے بھارت نے بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ ایمنسٹی نے کہاکہ طلباء کو جنسی طورپر ہراساں کرنے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے اور قصورواروں کو سزادی جانی چاہیے۔ اویناش کمار نے کہاکہ مظاہرین کی گرفتاری سے بھارت نے شہری اور سیاسی حقوق کے بارے میں بین الاقوامی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس کی دفعہ 19اور21 میں اظہاررائے کی آزادی اور پرامن اجتماع کے حق کے احترام اور تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ طلباء کو احتجاج کرنے کا حق ہے اور کسی بھی صورتحال میں ان پر تشدد کوجائز قرار نہیں دیا جاسکتا۔