اوسلو(این این آئی)ناروے کے علاقے کرسٹیان سینڈ میں منعقدہ اسلام مخالف ریلی میں پولیس حکام کی جانب سے کئی مرتبہ انتباہ کے باوجود قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کی کوشش کے بعد ایک لاکھ آبادی پر مشتمل علاقے میں مسلمانوں کے لیے جذبات میں اضافہ ہوا ہے اور مقامی افراد اس نفرت پر مبنی جرم کی مذمت کر رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق مذکورہ واقعے کے بعد مسلمان برادری کو ناروے کے عوام کی حمایت حاصل ہونے لگی۔
کرسٹیان سینڈ کے میئر نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہر کی مسلمان برادری سے اظہار یکجہتی کیا۔میئر ہارالڈ فورے نے ناروے کے قومی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کرسٹیان سینڈ سب کا شہر ہے اور ہم نظم و ضبط سے چلتے ہیں تاکہ توازن برقرار رہے، اس طرح کے جرائم اشتعال انگیز اور قابل افسوس ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 16نومبر کو ایک منصوبہ بندی کے تحت اشتعال انگیزی کی گئی تھی، خوش قسمتی سے پولیس نے فوری مداخلت کردی تھی۔