اوسلو (این این آئی)ناروے میں اسلام مخالفین کی طرف سے قرآن کی بے حرمتی کی کوشش کے بعد ناروے پولیس کو نئے احکامات جاری کر دئیے گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ناروے حکومت نے پولیس کو احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ کسی کو بھی قرآن کی بے حرمتی کرنے کی اجازت نہ دے۔ حکومت کی جانب سے نسل پرستی سے متعلق ایک آئینی پیراگراف(185)کو بنیاد بناتے ہوئے ایک نئی تشریح کی گئی ہے، جس کے تحت پولیس کے لیے
مذہبی علامتوں کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی سرگرمی کو روکنالازمی قرار دیا گیا ہے۔گزشتہ ہفتے ناروے میں اسلام مخالف ریلی ناروے کی تنظیم اسٹاپ اسلامائزیشن آف ناروے کی جانب سے نکالی گئی تھی، جہاں اس تنظیم کے لیڈر لارس تھورسن نے قرآن کی بے حرمتی کرنے کی کوشش کی تھی ۔ اس تنظیم نے مظاہرے سے قبل یہ اعلان کیا تھا کہ وہ قرآن پاک کی بے حرمتی کریں گے لیکن پولیس نے تب بھی کہا تھا کہ انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔