پیرس (این این آئی)فرانس میں کیے جانے والے ایک تحقیقی مطالعے میں اس امر کی تصدیق کی گئی ہے کہ 1979 میں سوویت یونین کی جانب سے افغانستان پر حملے کے بعد سے اگست 2019 تک دنیا بھر میں شدت پسندوں کی دہشت گرد کارروائیوں کا شکار ہونے والے افراد میں سے 90% مسلمان ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق تحقیقی مطالعے پر مشتمل یہ رپورٹ پولیٹیکل کرییٹوٹی فاؤنڈیشن کی جانب سے تیار کی گئی۔رپورٹ کے مطابق مذکورہ مدت کے دوران شدت پسند
تنظیموں نے دہشت گردی کی 33769 کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں میں 167096 افراد ہلاک اور 151431 زخمی ہوئے۔پیرس حملوں کے چھ برس پورے ہونے پر رواں ہفتے کے آغاز میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 89.1% دہشت گرد کارروائیاں مسلم ممالک میں ہوئیں اور اس کا شکار ہونے والے مجموعی افراد میں سے 91.2% مسلمان ہیں۔رپورٹ کے مطابق داعش تنظیم کی جانب سے یورپ کو خون میں نہلا دینے والی کارروائیوں میں سے 54% فرانس میں ہوئیں۔